گوادر، مسلح عناصر نے کراچی جانے والی شاہراہ پر 6 افراد کو گولیوں سے بھون ڈالا

اسلام آباد/ ارنا- پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بلوچ علیحدگی پسند گروہوں نے، گوادر سے کراچی جانے والی ایک گاڑی پر فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل کردیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ بی ایل اے یا بی ایل ایف سے وابستہ مسلح عناصر نے صوبہ بلوچستان کے کئی علاقوں میں بلوا کھڑا کرکے مختلف شاہراہوں کو بند کردیا ہے۔

پاکستان کی پولیس کے مطابق، مسلح عناصر نے گوادر بندرگاہ سے یوریا افغانستان لے جانے والے 3 ٹریلرز میں بھی آگ لگا دی ہے۔

ادھر گوادر بندرگاہ کے قریب مکران شاہراہ پر ایک مسافربردار گاڑی کو روک کر، 6 مسافروں کو گولیوں سے بھون دیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک مسافر کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ بھی دم توڑ گیا۔

آخری اطلاع کے مطابق، سیکورٹی فورسز، علیحدگی پسند عناصر کے ہاتھوں بند شاہراہوں کو کھولنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ چند ہفتے قبل دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا تھا جس کے بعد، صوبہ بلوچستان میں دہشت گردانہ واقعات میں اضافے کی جانب سے تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔  

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .